صوبائی محکمہ آبپاشی پوٹھوہار کے اضلاع راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال میں
چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر مجموعی طور پر 2155 ملین روپے خرچ کرے گا۔
یہ بات سینئر صوبائی وزیر وزیر آبپاشی راجہ ریاض احمد نے اپنی رہائش گاہ
پر چکوال، راولپنڈی اور اٹک کے اضلاع
سے تعلق رکھنے والے زمینداروں کے ایک
25 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ راجہ ریاض نے کہا کہ حکومت
پوٹھوہار کے اضلاع میں زرعی مقاصد کے لیے پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے
رہی ہے۔ اُنہوں نے وفد کو بتایا کہ راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان میں 267
ملین روپے سے چھوٹے ڈیم تعمیر ہوں گے جن سے 22 سو ایکڑ زرعی اراضی سیراب
ہوگی اور قریبی آبادیوں کو پینے کا پانی بھی ملے گا، اسی طرح گوجر خان میں
اگام ڈیم پر 476 ملین روپے خرچ کرکے 300 ایکڑ اراضی کو پانی مہیا کیا جائے
گا۔ چکوال میں درابی ڈیم اور منوال ڈیم کے لیے 435 ملین روپے رکھے گئے ہیں
جس سے 7150 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور 15 کلو میٹر طویل آبی گزرگاہ بھی
تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضلع چکوال میں ڈھوک ہم، منڈی، ڈھوک جھنگ
اور اتھاللکوال ڈیموں کے لیے 804 ملین روپے مہیا کیے گئے ہیں جس سے 3700
ایکڑ اراضی سیراب ہوسکے گی۔ راجہ ریاض نے وفد کو بتایا کہ 404 ملین روپے
اٹک، فتح جنگ اور جنڈ کے علاقوں میں کوٹ فتح خان، شہباز پور، تتیابارہ اور
سدریال ڈیموں پر خرچ ہوں گے جن سے 8200 ایکڑ اراضی کو پانی دستیاب
ہوگا،حضرو میں حاجی شاہ ڈیم 175 ملین روپے سے تعمیر ہوگا۔ انہوں نے مزید
بتایا کہ پنڈدادنخان جہلم میں فتح پور ڈیم سے 315 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی
جس کے لیے 57 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں سے لوگوں
کو پینے کا صاف پانی بھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں پر
رواں مالی سال میں 1056 ملین روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ اگلے مالی سال
میں 1099 ملین روپے خرچ ہوں گے۔
This entry was posted on 01-08-2008 12:08. You can follow any responses to this entry through the RSS 2.0 feed. This article was favoured 8 time. You can leave a comment.
Views: 1530
Views: 1530